Pages

Wednesday, 1 June 2016

صالح ظافر سے روایت ہے


سلطنتِ انگلیشیہ کے دارالخلافے لندن میں وزیرِ اعظم کا آپر یشن کرنے والے عیسائی ڈاکٹر نے بتایا کہ آپریشن سے ایک روز قبل انہیں خواب میں ایک بابے کی زیارت ہوئی جن کی خشخشی داڑھی میں دہن سے ٹپکنے والے حلیم کے قطرے موتیوں کی طرح پرؤے ہوئے تھے. بابے نے تاکید کی کہ تمہیں قدرت نے بہت بڑی سعادت کے لیے چُن لیا ہے اور تم کل ایک ایسے شخص کے پریشاں قلب کی شریانیں سلجھاؤ گے جس کے اخلاقِ عالیہ کے سبب موسم اپنے تیور بدلتے ہیں. جس کی آمد پہ سموم صباء کی سی ہو جاتی ہے اور بدمزاج ہوائی بگولے دھیمی دھیمی پون بن جاتے ہیں. پس تم پر لازم ہے کہ آپریشن سے پہلے کسی جاوید چودھری سے طہارت کے اطوار اور وضو کے فرائض سمجھ لو. جراہی کے آلات تھامنے سے پہلے اور اس معتبر ہستی کے جسم کو چھونے سے پہلے تمہارا با وضو ہونا لازم ہے.
فرنگی ڈاکٹر نے بتایا اگلے روز جیسے ہی آپریشن شروع ہوا آپریشن تھیٹر کی کھڑکی سے نسیم بحری نے اٹکھیلیاں شروع کر دیں. ہم نے احتیاطاً کھڑکیوں کے پٹ بھیڑ دئیے. جیسے ہی سینہ چاک کیا گیا باہر گھنگھور گھٹائیں چھا گئیں. خلیج بنگال کی مون سون اپنا ازلی رستہ چھوڑ کے لندن کو دوڑی چلی آئی. باہر سے اندر آئی نرس نے بتایا کہ باہر ہسپتال کے لان میں دھنک رنگ تتلیاں اتر رہی ہیں.سائبیریا کی کونجیں ڈار در ڈار ہسپتال کا طواف کر رہی ہیں. پھر کیا دیکھتا ہوں کہ مریض کا سینہ چاک ہے مگر رخ ِ انور کی تابانی بڑھتی جا رہی ہے اور مسکراہٹیں بکھرتی جا رہی ہیں. غیبی مدد کے طفیل طبیبوں کے ہاتھ کسی خودکار روبوٹ کی طرح چلے اور گرافٹنگ چند لمحوں میں مکمل ہو گئی. 
جب کامیاب آپریشن کی خبر انٹنیشنل میڈیا نے بریک کی تو وال سٹریٹ کے اقتصادی اعشاریے چند لمحوں میں بعد از گریٹ ڈپریشن سے اب تک کے ریکارڈ توڑ گئے. شام سے ابو بکر بغدادی اور قندھار سے ھیبت اللّہ اخونزادہ نے نواز شریف کے ھاتھ پر بیعت کا اعلان کر دیا. پیوٹن اور اوباما تمام سرکاری اور نجی سرگرمیاں ترک کر کے پھول منڈی سے گلاب کی پتیاں خریدنے دوڑ گئے. امریکی کانگریس کا اجلاس اس لیے مؤخر کرنا پڑا کہ اکثر کانگریس مین مبارک دینے کے لیے پی آئی اے کی ٹکٹ کرا بیٹھے تھے. چینی صدر جو کہ جوگنگ کے لیے گھر سے باہر نکلے تھے نواز شریف کی صحتیابی کا سن کر سائیکل دوڑاتے ہوئے خنجراب پاس کے رستے رائیونڈ آن اُترے. پشاور کے مولانا پوپلزئی نے یہ خبر سن کر کہا کہ اب چاند دیکھنے کی ضرورت ہے نہ شہادتوں کی. اب ہر روز عید اور ہر رات شبِ برات ہے. خورشید ندیم نے کہا کہ مادے اور روح کی ثنویت اب باطل ہو گئی کہ دونوں کے ادغام سے نواز کو جو دوام ملا ہے یہ جمہور اور معاشرت کے افق پر اک نئے روحیتی ڈسکورس کی نمود ہے. سلیم صافی نے کہا کہ افغان لویا جرگہ جو پانچ صد سالہ پختون ولی کوڈ پر غور کر رہا تھا اس خبر کے بعد رائیونڈ کے پنجابی کو اپنا امیر بنانے پر متفق ہو گیا. مزید برآں آئی سی آئی جے نے ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے نا ھنجار نمائندوں نے جو بے پرکی اڑائی تھی اس سے ہم مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں.
ظفر قابل بھائی نے اطلاع کی ہے کہ کل شب ھنگامی صورتحال کے باعث مادام تساؤ کے میوزیم کو مقفل کرنا پڑا کہ گاندھی، کینیڈی ، اور امیتابھ کے مجسمے بھی میاں صاحب کی تیمارداری کو جانے پر بضد تھے. 
سپورٹس کے میدان سے خبر آئی ہے کہ ڈی جی براوو نے کہا ہے کہ "نواز شریف اِز آ چیمپین اینڈ آئی ایم نو مور". کرس گیل اور سمنز نے بھی گلدستے اور فلائنگ کسز بھیجی ہیں. 
قصہ کوتاہ چہار دانگ عالم سے عقیدت مندوں کے ٹولے رائیونڈ کو روانہ ہو گئے ہیں. جاتی امراء کے باہر ارادتمندوں کی منڈلی جمع ہورہی ہے. عامر لیاقت دعا کرا رہے ہیں اور ہر آنکھ خوشی سے زار زار ہے.

1 comment: